نگلور:14/دسمبر (ایس او نیوز)کے اے ایس آفیسر بھیما نائک جو اپنے ڈرائیور کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں ان دنوں قید ہیں پوچھ تاچھ کے دوران انہوں نے سی آئی ڈی کو سابق وزیر جناردھن ریڈی کے دخترکی عالیشان شادی کیلئے کالے دھن کے استعمال کا انکشاف کیا ہے۔ معطل شدہ اسپیشل لینڈ اکویزیشن آفیسر بھیما نائک نے اعتراف کیا ہے کہ جناردھن ریڈی کی دختر کی شادی پر جو پانچ سو کروڑ روپیوں کی رقم صرف ہوئی،اس کے بیشتر حصہ پر مشتمل کالے دھن کو سفید میں بدلنے میں اس نے کافی اہم رول ادا کیا ہے۔ جناردھن ریڈی اور سری راملو سے اپنے تعلقات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بھیما نائک نے ان الزامات کی تردید کی کہ اس نے اپنے ڈرائیور رمیش کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ سی آئی ڈی ایس پی مارٹن سے پوچھ تاچھ کے دوران رمیش کے ڈیٹھ نوٹ میں لگائے گئے الزامات کو بھیمانائک نے یکسر مسترد کردیا،لیکن ماناکہ نوٹ بندی کے بعد سو کروڑ روپیوں کی رقم کو اس نے نئے نوٹوں میں تبدیل کرکے جناردھن ریڈی کی تقریبات کیلئے رقم مہیا کرائی تھی۔ بھیما نائک کی اطلاع پر سی آئی ڈی نے پرانے نوٹ بدل کر نئے نوٹ فراہم کرنے والے بینک عملے کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ بھیما نائک نے اعتراف کیا کہ 8نومبر کو نوٹ بندی کے بعد شہر بنگلور میں نوٹوں کو تبدیل کرنے کا دھندہ منظم شکل میں ہوا ہے، صرف جناردھن ریڈی یا سری راملو کی رقم ہی نہیں بلکہ معروف بلڈرس اور دیگر امیروں کی بھاری رقومات کا تبادلہ بینکوں کی طرف سے کیاگیا ہے۔ بھیما نائک کے ان انکشافات کے بعد سی آئی ڈی نے اپنی تحقیقات کے دائرہ کو وسیع ترکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رمیش گوڈا نے خود کشی سے قبل اپنے ڈیتھ نوٹ میں کہاتھاکہ اس کی موت کیلئے بھیما نائک اور اس کا نجی ڈرائیور محمود ذمہ دار ہے۔ اس سلسلے میں سی آئی ڈی نے بھیما نائک کے ساتھ محمود کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ حکومت نے فوری طور پر بھیما نائک کو ملازمت سے معطل کردیاہے۔ سی آئی ڈی کی طرف سے تحقیقات کے دوران پتہ لگایا جاچکا ہے کہ جناردھن ریڈی کی دختر کی شادی کیلئے سو کروڑ روپے بدلنے کیلئے بھیما نائک نے 20 فیصد کمیشن حاصل کیاتھا۔رمیش گوڈا نے جب اس میں حصہ داری طلب کی تو اس وقت اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔